سرینگر//پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین بلدیو سنگھ رینا نے جموں و کشمیر کے سیاحت کے شعبے کے اسٹیک ہولڈروں کو خصوصی 2.92 کروڑ ریلیف پیکیج کے سلسلے میں تعاون کرنے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا۔ رینانے کہا’’پی ایچ ڈی چیمبر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے ہمارے مطالبات کو قبول کرکے سیاحت سے وابستہ افراد کو بچانے میں اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی سب سے بڑی آمدنی پیدا کرنے والی صنعتوں میں سے اس صنعت کو کوویڈ 19 کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے جدوجہد کرنے والے اسٹیک ہولڈروں کی امداد کے لئے ایک پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کی معیشت کو بچانے اورروزگار پیدا کرنے میں سیاحت کے کردار کی نشاندہی کی۔ رینا کے مطابق ان مشکل ایام اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ دیوالیہ کے راستے پر ہے۔رینا نے کہا کہ یہ پیکیج اس وقت ان اسٹیک ہولڈروں کیلئے آکسیجن کی اہمیت رکھتا ہے اوران حالات میں مالی پیکیج کو جاری کرنا کوئی آسان بات نہیں ہے خاص طور پر جب جموںکشمیر مالی سختی میں ہے اور بہت سارے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہمارا مشورہ اور مطالبہ ہے کہ سیاحت کے ساتھ وابستہ تاجروں پر بجلی اور دیگر ٹیکسوں کو معاف کیا جائے بصورت دیگر بہت سارے کاروبار ختم ہوجائیں گے۔بلدیو سنگھ نے کہا کہ حکومت کو لوگوں کی حفاظت کیلئے متوازن اور مربوط پالیسی پرعمل کرنے کی ضرورت ہے۔