سرینگر// محکمہ سیاحت سیلانیوں کو کشمیر آنے اور وادی میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مزید روڈ شو کے لئے تیار یوں میں مصروف ہے،جبکہ وادی کی مہمان نوازی اور خواتین سیلانیوں کے خلاف صفر فیصد جرائم جیسے اعداد شمار کو بھی سیلانیوں کو راغب کرنے کیلئے اجاگر کیا جا رہا ہیں۔محکمہ پہلے ہی کولکاتہ ، پونے ، پوری ، جے پور ، امرتسر ، بھبنیشور ،بھوپال ، بنگلور ، چنئی ، رائے پور ،ورانسی اور لکھنؤ جیسے بڑے شہروں میں متعدد روڈ شوز کا اہتمام کرچکا ہے۔ایڈیشنل سکریٹری سیاحت کشمیر ، وسیم راجہ نے کہا کہ محکمہ نے جموں و کشمیر سے باہر سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ملک کے مختلف حصوں میں 21 روڈ شوز کی منصوبہ بندی کی ہے۔وسیم نے کہا ’’روڈ شو جموں ٹورازم ڈیپارٹمنٹ اور ٹریول ٹریڈ کی نجی انجمنوں کے مابین باہمی تعاون ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ محکمہ نے جموں نجی ٹریڈ ایسوسی ایشنوں اور 11 کشمیر نجی ٹریول ٹریڈ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 21 روڈ شوز کی منظوری دی ہے۔وسیم نے بتایا’’ہم پہلے روڈ میراتھن کرتے تھے لیکن اس بار کرونا وائرس کی وجہ سے یہ ممکن نہیں تھا، لہذا اس بار ہم نے ہوٹلوں میں جگہیں بک کیں جہاں محکمہ سیاحت کے افسران نے اس شہر کے حکام سے بات چیت کی۔‘‘انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور ورثے کے پروگراموں کی نمائش بھی کی جاتی ہے۔ وسیم نے کہا کہ شہر کے میڈیا اور ٹریول ایجنٹ بہت اہم ہیں کیونکہ وہ بہتر انداز میں فروغ دینے میں ہماری مدد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ’’ہم اس شہر کے میڈیا اور ٹریول ایجنٹوں کے ساتھ پریس کانفرنسیں بھی کرتے ہیں تاکہ ہمارا پیغام مقامی لوگوں تک صحیح طور پر پہنچے اور وہ انہیں کشمیر کا دورہ کرنے پر راضی کریں۔‘‘ایڈیشنل سیکریٹری سیاحت نے کہا،اس کے علاوہ ، محکمہ مختلف ٹریول مارٹس میں بھی حصہ لے رہا ہے اور اس نے ہوائی اڈوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، میٹروس اور پرنٹ ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے فروغی مہم کا آغاز کیا ہے۔وسیم نے کہا کہ محکمہ مقامی ایف ایم اسٹیشنوں کے ساتھ بھی مشغول ہونے کی کوشش کرتا ہے تاکہ پیغام کی رسائی زیادہ ہو اور زیادہ لوگوں تک یہ پہنچے۔ وسیم نے کہا’’ہم حکومتی عہدیداروں کی پیش کشوں کے ذریعے اپنی ثقافتی قوت کو ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ محکمہ آنے والے تہواروں کے علاوہ مشہور اور غیر معروف سیاحتی مقامات ، آرٹ اینڈ کرافٹ ، یاتری اور مہم جوئی کو بھی اجاگر کررہا ہے۔ایڈیشنل سیکریٹری سیاحت کا کہنا تھا کہ بیرون ریاستوں کے شوز میں کشمیر کی مہمان نوازی اور سیاحوں کے خلاف صفر فیصد جرائم کے اعداد شمار بھی پیش کئے گئے،جبکہ فلم انڈسٹری کی توجہ بھی جموں کشمیر کی جانب مبذول کرائی گئی۔محکمہ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کا آغاز کرچکا ہے اور سردیوں میں پہلے ہی کشمیر میں سیاحوں کے بہتر اثرات نظر آئے،جبکہ مقامی سیاحوں نے موسم سرما کے دوران گلمرگ ، سری نگر ، پہلگام ، سونہ مرگ اور دودھ پتھری میں برفانی وادیوں کاکا لطف اٹھایا۔اس دوران وادی میں باغ گل لالہ کو بھی رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں شروع کیا جائے گا،جبکہ ہاری پربت ،کوہ ماراں پر ساونڈ و لائٹ شوکے علاوہ جھیل ڈل میں ساونڈ شوز کے علاوہ دیگر سیاحتی سرگرمیاں بھی شروع ہو رہی ہیں۔وسیم نے کہا کہ محکمہ کچھ غیر معروف جگہوں پر توجہ مرکوز کررہا ہیں جن میں دودھ پتھری،یوسمرگ،وادی بنگس اور گریز بھی شامل ہیں۔وسیم نے کہا’’یہاں متعدد غیر تلاش شدہ اور ترقی پذیر مقامات ہیں ،اور ہم ان مقامات کی ترویج کے لئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ محکمہ آئندہ روڈ شو کے لئے 17 مارچ کو ناگپور ، 19 مارچ کو ممبئی اور حیدرآباد ، 25 مارچ کو دہلی ، 26 مارچ کو کوچین اور 27 مارچ کو میسور میں تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ مارکیٹنگ مہم کے ایک حصے کے طور پر او ٹی ایم ، سیٹی جیسے بڑے ٹریول مارچ میں بھی حصہ لے گا۔بھارت کی جرائم کی شرح کے ریکارڈ کے مطابق ، جموں وکشمیر میں خواتین سیاحوں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔وسیم نے کہا کہ تمام سیاح کشمیر میں محفوظ ہیں اور انہیں خود آکر دیکھنا ہوگا۔