کولکاتا// کولکاتا کے سابق پولیس کمشنر راجیوکمار جمعرات کو شاردا چٹ فنڈ گھپلے کے معاملے میں پوچھ گچھ کی غرض سے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی نوٹس کو رد کروانے کے لیے ہائی کورٹ پہنچے ۔ سی بی آئی نے کروڑوں روپیے کے شاردا چٹ فنڈ گھپلے میں پوچھ گچھ کے لیے مسٹر کمار کو سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا۔ جسٹس پرتیک پرکاش بنرجی نے مسٹر کمار کے وکیل سے کہا کہ وہ اس بابت عدالت میں ایک عرضی داخل کریں۔ امید ہے کہ مسٹر کمار کی عرضی پر عدالت دوپہر کے بعد سماعت کر سکتی ہے ۔ سی بی آئی نے مسٹر کمار کو نوٹس جاری کرنے کے علاوہ ہفتے کے روز ان کے خلا ف ‘لک آؤٹ’ نوٹس جاری کیا ہے اور تمام ہوائی اڈوں اور امیگریشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ اگر وہ ملک سے باہر جانے کی کوشش کریں تو وہ سی بی آئی کو اطلاع کریں۔ قابل ذکر ہے کہ شاردا چٹ فنڈ گھپلے کی تفتیش سپریم کورٹ کے ذریعے سی بی آئی کو سونپے جانے سے قبل مسٹر کمار مغربی بنگال پولیس کے اسپیشل انویسٹیگیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کی قیادت کررہے تھے ۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں مسٹر کمار کرائم برانچ کا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا ہے ۔ قبل ازیں مسٹر کمار اسی عہدے پرمامور تھے لیکن بی جے پی کے صدر امت شاہ کی کولکاتا میں 15 مئی کو ہونے والی ریلی کے دوران تشدد کے لیے الیکشن کمیشن نے انھیں اس عہدے سے ہٹا کر مرکزی وزارت داخلہ کے تحت کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ ہفتے ان کی گرفتاری پر روک کو بڑھانے سے منع کر دیا تھا۔