عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم،سکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے سول سیکرٹریٹ جموں میں ایک جامع کثیر محکمہ جاتی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں آئندہ امرناتھ یاترا ، محرم الحرام کے اِنتظامات، مون سون تیاریوں اورجموںوکشمیر بھر میں عوامی خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے امرناتھ یاترا کے لئے کئے جانے والے اِنتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جن میں طبی عملے کی تعیناتی، صحت سہولیات کی دستیابی، حفاظتی اَقدامات، ٹرانسپورٹ سہولیات، صفائی ستھرائی، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی کے علاوہ ٹرانزٹ کیمپوں اور دیگر اہم مقامات پر راشن کا مناسب ذخیرہ شامل ہے۔اُنہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز جموں اور ضلعی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام یاترا ٹرانزٹ کیمپوں پر طبی عملے کی چوبیس گھنٹے دستیابی، اَدویات کا وافر ذخیرۂ اور ایمبولینسوں کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ(پی ڈِی ڈِی) اور محکمہ جل شکتی،پبلک ہیلتھ اِنجینئرنگ (پی ایچ اِی) کو بلا تعطل بجلی اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ قانون عملانے والے اِداروں کو یاترا کے دوران فول پروف سکیورٹی اِنتظامات برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی۔
سکینہ اِیتو نے محرم الحرام کے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ضروری شہری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور اَفسران کو ہدایت دِی کہ وہ وزیراعلیٰ کی طرف سے پہلے سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق مقامی کمیٹیوں کے ساتھ قریبی تال میل میں کام کریں۔اُنہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں کے حکام کو ہدایت دی کہ ہسپتالوں میں طبی آلات اور ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے بارش کے موسم کے دوران کنکٹویٹی کے مسائل والے دُور دراز اور مون سون متاثرہ علاقوں میں اضافی ایمبولینسز کی تعیناتی کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے احتیاطی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ 28 جون کو منعقد ہونے والے ‘پلس پولیو ڈے‘کے دوران صد فیصد کوریج کو یقینی بنائیں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے لئے وسیع پیمانے پر بیداری مہم چلائیں۔اُنہوں نے مون سون تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ آر اینڈ بی، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور محکمہ جل شکتی کو ہدایت دی کہ سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی مرمت اور نالوں و ڈرنیج چینلوں کی صفائی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ جموں میونسپل کارپوریشن اور جموں ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کو صفائی مہم، فیو میگیشن اور سائنسی بنیادوں پر کوڑاکرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ پانی جموں ہونے اور موسمی بیماریوں کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔سکینہ اِیتو نے عوامی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ بجلی کی فراہمی کے مقررہ شیڈول پر سختی سے عمل کریں، اوور ہیڈ برقی نظام پر دباؤ کم کریں اور ٹرانسفارمروںکی مرمت کے وقت کو 24 گھنٹے سے کم کریں۔پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی کہ وہ تمام بستیوں کو پینے کے قابل نل کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے اور جہاں بھی پائپ لائن کا بنیادی ڈھانچہ ابھی مکمل ہونا باقی ہے وہاں ٹینکر سروس مہیاکریں۔اُنہوں نے تعلیمی شعبے کے بارے میں محکمہ سکولی تعلیم اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ داخلہ عمل کو مقررہ مدت میں مکمل کریں اور بغیر کسی تاخیر کے تعلیمی سیشن شروع کریں۔ اُنہوں نے آرٹیفیشل اِنٹلی جنس ( اے آئی) پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تحقیق پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے، سرکاری سکولوں میں اِندراج کو بڑھانے اور سماگرا ہ شکھشاکے تحت زیر تکمیل بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔وزیر تعلیم نے ٹرانسپورٹ اور مارکیٹ ریگولیشن کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کو سرکاری کرایہ ناموں پر سختی سے عمل درآمد، تیز رفتار و لاپرواہ ڈرائیونگ کی روکتھام اور دُور دراز علاقوں میں عوامی ٹرانسپورٹ کی سہولیات بڑھانے کی ہدایت دی۔محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین کو ہدایت دی گئی کہ وہ بازاروں کا باقاعدہ معائینہ کریں، اشیاء کے معیار کو یقینی بنائیں، نرخ نامے نمایاں طور پر آویزاں رکھوائیں اور راشن و رسوئی گیس کے مناسب ذخائر برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے مربوط حکمرانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام محکموں کو قریبی تعاون اور اپنی ذمہ داریوں کی بروقت انجام دہی کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تمام فیصلوں پر ایکشن ٹیکن رپورٹس پیش کریں۔