راجوری //منجاکوٹ کے منگلناڑ علاقے میں ایک سرکاری سکول کے مقفل پائے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اوراس سے دیہی علاقوں میں تدریسی عملے کی ڈیوٹی کے تئیں غیر سنجیدگی کا پتہ بھی چلتاہے ۔یہ ویڈیو جو گریٹر کشمیر ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے ، میں یہ دکھایاگیاہے کہ گورنمنٹ سکول موہڑہ مال راجدھانی مقفل ہے ۔اس ویڈیو سے عیاں ہوتاہے کہ بڑی تعداد میں طلباء سکول کے باہر بیٹھ کر اساتذہ کا انتظار کررہے ہیں۔ذرائع کاکہناہے کہ سکول پورا دن ہی مقفل رہا اور کوئی ٹیچر نہیں آیا۔مقامی لوگوںکاکہناہے کہ سکول میں تعینات اساتذہ بہت کم ہی ڈیوٹی پر حاضر ہوتے ہیںجس کی وجہ سے ان کے بچوں کا مستقبل مخدوش بناہواہے ۔اسی ویڈیو میںایک بزرگ شہری کاکہناہے کہ کئی بار ہیڈ ماسٹر ہائی سکول کھوڑی ناڑ سے بھی سکول کے بند رہنے کی شکایت کی گئی جو کلسٹر ہیڈ ہیں جبکہ یہ معاملہ زونل ایجوکیشن افسر منجاکوٹ اور چیف ایجوکیشن افسر راجوری کے نوٹس میں بھی ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔یہ ویڈیو فیس بک اور وٹس ایپ پر ہر جگہ وائرل ہوگئی ہے ۔