سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ایس کے آئی سی سی میں جموں وکشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن کی طر ف سے منعقدہ سالانہ کنوکیشن2017 کے دوران104 ذہین طُلاب میں گولڈ میڈل اور توصیفی اسناد تقسیم کئے۔یہ انعامات اُن طُلاب میں تقسیم کئے گئے جنہوں نے سال2011 سے2016 تک جموں وکشمیر میں میٹرک اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں اعلیٰ مقام حاصل کیا تھا۔ان میں سے میٹرک امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے24 جبکہ 12 ویں جماعت میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے80 طُلاب شامل تھے۔104 میں سے69 گولڈ میڈل لڑکیوں نے حاصل کئے۔وزیر نے اس موقعہ پر لڑکیوں کی بڑی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں محنت اور لگن کے ساتھ زندگی کے ہر ایک شعبۂ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کنوکیشن اب ہر سال وقت پر منعقد کئے جائیں گے۔الطاف بخاری نے کہا کہ وادی میں بچوں نے پچھلے25 برسوں کے دوران مشکل حالات دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کی بھرپائی نہیں کرسکتے ہیں تا ہم انہیں معیاری تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔وزیر نے سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو ہدایت دی کہ وہ ایک پلیٹ فارم شروع کریں جس کے ذریعے سے اساتذہ شعبۂ تعلیم میں بہتری لانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔بورڈ کی چیئرپرسن وینا پنڈتا نے اس موقعہ پر کہا کہ دسویں جماعت کے لئے1200 سے1300 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ایم ایل اے بٹہ مالوی نور محمد شیخ، ایم ایل اے انجم فاضلی، ایم ایل سی محمد خورشید عالم، سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ، ڈی سی سرینگر سید عابد رشید شاہ، ڈائریکٹ سکول ایجوکیشن جی این اتو، ناظم اطلاعات و رابطہ عامہ منیر الاسلام، ڈائریکٹر اکیڈیمکس بوس فاروق احمد پیر اور دیگر افسروں کے علاوہ کافی تعداد میں طُلاب اور ان کے والدین بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔