سرینگر /پرویز احمد /شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں کام کرنے والے غیرمقامی ملازمین اور زیر تعلیم ڈاکٹروں و نیم طبی عملہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوراً اسپتال حدود میں موجود رہائشی کواٹروں میں منتقل ہو جائیں۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز صورہ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک سرکیولر زیر نمبرSIMS 138/01/2021-1706بتاریخ 27اکتوبر 2021 میں کہاگیا ہے کہ تمام غیر مقامی ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ، جو سکمزسے باہر رہتا ہے ،کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ فوراً سکمز احاطے میں منتقل ہوجائیں۔ سرکیولر میں مزید کہاگیا ہے کہ تمام غیر ریاستی سکمز میں اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کریں جنہوں نے انکے لئے انتظامات کئے ہیں۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ یہ انتظامات حکومت کی ہدایت پر کئے گئے ہیں اور کوئی بھی غیر ریاستی ڈاکٹر اور نیم طبی عملہ سے وابستہ شخص حکم نامہ کے بعدسکمز کے احاطے سے باہر رہتا ہے تو خود اپنے ذمہ داری پر رہے گا۔ سکمز صورہ میں پوسٹ گریجویٹ، ایم سی ایچ، ڈی ایم، ڈی این بی، بی ایس سی نرسنگ اور ایم ایس سے نرسنگ میں 70سے زائد غیر مقامی ڈاکٹر اور نیم طبی طلبہ عملہ زیر تعلیم ہے۔