عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // میونسپل کمیٹی کے سابق چیئرمین اور کانگریس پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری شکیل احمد میر نے بڑی تعداد میں عوام کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا اور بعد ازاں ایک وفد کی شکل میں ایس ڈی ایم تھنہ منڈی سید عابد حسین شاہ سے ملاقات کی۔ احتجاج کے دوران شکیل احمد میر نے حکومت کے سامنے متعدد مطالبات رکھے، جن میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے معاوضے میں اضافہ بھی شامل تھا۔ انہوں نے بار بار سڑکوں کی خستہ حالی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی آر او اور ٹی بی اے کمپنی کے خلاف سخت احتجاج کیا اور کہا کہ ہماری سڑک پچھلے پانچ برس سے نامکمل اور ابتر حالت میں ہے۔ شکیل احمد میر نے کہا کہ یہ تھنہ منڈی کی بدقسمتی ہے کہ علاقے کو ہر بنیادی سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے اور آج تک ہمارا ہسپتال صرف پی ایچ سی (پرائمری ہیلتھ سینٹر) کی سطح پر ہے۔ انہوں نے مزید کئی مطالبات پیش کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر آئندہ بھی تھنہ منڈی کو نظرانداز کیا گیا تو ایک بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج ہوگا جسے سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔ اس موقع پر بیوپار منڈل کے نائب صدر شمشیر احمد لون، سابق حاجی عبد الحمید، شمشیر چودھری، سرپنچ منیر بھٹی، صدر یوتھ کانگریس اسمبلی حلقہ تھنہ منڈی گلبدن خان، فاروق میر سمیت تھنہ منڈی کی کئی دیگر سرکردہ شخصیات اور عوام بھی موجود تھے۔