عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر پولیس دیگر فریقین کے ساتھ مل کر ضروری انضباطی تبدیلیاں کرنے کے ساتھ ساتھ حادثات کی وجوہات کا تجزیہ کرنے کا کام جاری رکھے گی تاکہ جانیں بچانے اور سڑک کے استعمال کو محفوظ بنایا جا سکے۔یہ بات ڈی جی پی، جموں و کشمیرآر آر سوائن نے اتوار سہ پہر کو گلشن گراؤنڈ جموں میں روڈ سیفٹی بیداری ریلی کی فلیگ آف تقریب میں کہی۔ شرکاء، پولیس افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے اس اقدام کے لیے منتظمین کی تعریف کی اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کا براہ راست تعلق ڈرائیوروں سمیت سڑک استعمال کرنے والوں کی جان بچانے سے ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کے وسیع تر مفاد میں ایسے اقدامات کی حمایت کرنے پر شہریوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات میں موت کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے ضیاع سے بچا جاسکتا ہے اور یہ بہت تکلیف دہ صورت حال ہوتی ہے جب بہت سے لوگ معذور ہو جاتے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے متعدد متعلقین کو اکٹھا ہونا ہوگا۔ڈی جی پی جموں و کشمیر نے یقین دلایا کہ جموں و کشمیر پولیس دیگر متعلقین خاص طور پر لائسنس جاری کرنے والی اتھارٹی کے ساتھ حادثات کی وجہ کا تجزیہ کرنے کا کام جاری رکھے گی اور محفوظ سڑک کے استعمال کے لیے ضروری انضباطی تبدیلیاں کی جائیں گی۔ ڈی جی پی نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نیک نیتی اور خلوص کے ساتھ حالات بہتر ہوں گے۔جموں تھری سکسٹی کے بانی وویک مہاجن نے ریلی کے انعقاد میں تعاون کے لیے ڈی جی پی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے شرکاء اور اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر اے ڈی جی پی جموں زون آنند جین، ڈی آئی جی ٹریفک جموں، شریدھر پاٹل، ایس ایس پی جموں ونود کمار، ایس ایس پی ٹریفک جموں فیصل قریشی، اے آئی جی (ٹی اینڈ پی) پی ایچ کیو منوج کمار پنڈت اور ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کے افسران اس موقع پر موجود تھے۔ .