سرینگر// وادی کے مختلف مقامات پر پیش آئے سڑک کے الگ الگ حادثات میں ایک کمسن بچے سمیت5افراد لقمہ اجل بن گئے۔سوموار کی شام کنن بانڈی پورہ میں المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں دو نوجوان لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔اسپتال ذرائع کے مطابق لاوڈارہ کے دو نوجوان عاشق احمد شاہ ولد علی محمد شاہ اور محمد عامر ماگرے ولد غلام محمد ماگرے موٹر بائیک پر ارن سے بانڈی پورہ جارہے تھے کہ کنن کے مقام پر مخالف سمت سے آرہی سینٹرو گاڈی زیر نمبر JK05B2476 سے ٹکرا گئے اور دونوں بائیک سوار نیچے گر کر خون میں لت پت ہوگئے۔اگرچہ فوری طور پر ضلع بانڈی پورہ ہسپتال پہنچائے گئے لیکن دونوں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ اس دلدوز حادثے سے لاوڈارہ کی بستی افطار کے وقت ماتم میں ڈوب گئی۔اس دوران ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔ادھر جنوبی کشمیر کے پانپور میں بھی ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں بارہمولہ سے تعلق والا نوجوان لقمہ اجل بن گیا ۔معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی شام دیر گئے کریری کے کھریو علاقے میں ایک تیز رفتار موٹر سائیکل کو مخالف سمت سے آرہی ایک گاڑی کے ساتھ شدید ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔جنہیں فوری طور پر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا۔جن میں سے جاوید احمد گنائی ولد عبدلرااحمان گنائی ساکنہ پوسناگ کریری دم توڑ بیٹھا۔جس کے بعد علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ ایک کار زیر نمبر JK03G-3906جو سرینگر سے انت ناگ کی طرف جارہی تھی نے ایک راہ گیر طارق احمد شیخ ولد محمد شعبان شیخ ساکن نوشہرہ اوڑی بارہمولہ کو زور دار ٹکر مار کر شدید زخمی کردیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ طارق احمد کو شدید زخمی حالت میں اگر چہ فور طور پر سب ضلع ہسپتال پانپور سے صورہ منتقل کیا گیا تاہم وہ صورہ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ان حادثات کے سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرلیا۔اس دوران اکہال کنگن میں اس وقت صف ماتم بچھ گئی جب ایک 12سالہ کمسن لڑکا ٹریکٹر کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا ۔پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اتوار کی شام اکہال کنگن علاقے میں اس وقت صف ماتم بچھ گیا جب ٹریکٹر نے 12سالہ سجاد احمد لون ولد غلام محمد لون ساکن اکہال کو شدید ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں مزکورہ کمسن لڑکا موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔کنگن پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ جب مزکورہ لڑکے کی لاش اسکے آبائی گائوں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔