ایم ایم پرویز
جموں// صوبہ جموں میں مختلف سڑک حادثات میں3افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 5زخمی ہوگئے ۔اس دوران گاندھی نگر جموں میں درخت سے گرکر ایک شخص لقمہ اجل بن گیا۔ جموں سری نگر قومی شاہراہ پر رام بن کے علاقے مہاڑمیں پیر کی دیر رات ایک موٹر سائیکل سوار جو حادثے کا شکار ہوا، سوموار کی رات کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے متوفی موٹر سائیکل سوار کی شناخت بدھی سنگھ ولد دھرم سنگھ ساکنہ تہسی، نیرا کے طور پر کی ہے۔
متوفی رام بن قصبہ میں کاسمیٹک کی دکان چلاتا تھا اور اپنی دکان بند کرنے کے بعد اپنے آبائی گاؤں نیرا واپس جا رہا تھا کہ ہائی وے پر مہاڑ کے مقام پر ایک تیز رفتار ٹاٹا سومو زیر رجسٹریشن نمبر JK06-4574 نے موٹر سائیکل بیئرنگ رجسٹریشن نمبر JK19-5092 سے ٹکرماردی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا جبکہ پیچھے سوار کو شدید چوٹیں آئیں۔دونوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال رام بن لے جایا گیا جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد دونوں زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال جموں ریفر کر دیا گیا تاہم حادثے کا شکار ایک موٹر سائیکل سوار بدھی سنگھ ولد دھرم سنگھ ساکن تہسی، نیرا ایمبولینس میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ موٹر سائیکل سوار بدھی سنگھ ولد دھنتر سنگھ ساکنہ نیرا جی ایم سی، جموں میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ایس ایچ او تھانہ رام بن انسپکٹر انیل چودھری نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ایک شخص نے دم توڑ دیا جب کہ دوسرا ہسپتال میں علاج کے دوران تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حادثے میں ملوث ڈرائیور کی شناخت آزاد سنگھ کے طور پر کی گئی ہے اور اس کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ادھر کانہ چک جموں میں سڑک حادثہ میں2افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ گاندھی نگر میںادھر ایک شخص درخت سے گر کر شدید زخمی ہوا جس کو فوری طورپر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا ۔ ایک مہندرا میرازو کار جس کا رجسٹریشن نمبر JK02CL-9000 تھا، نے ایک موٹر سائیکل (جس کا رجسٹریشن نمبر JK02AM-4361 تھا، تھانہ کانہ چک کی حدود میں واقع گاؤں چنوں چک میں صبح 7:30 بجے کے قریب ٹکر ماری۔ حادثے میں دو افراد کی شناخت کے نام سے ہوئی۔
موٹر سائیکل پر سفر کرنے والے محمد یوسف ولد یوسف ساکنہ لالہ اور محمد نور ولد سائیں ساکن جسوال شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر جی ایم سی ایچ جموں لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔اس سلسلے میں کناچک پولیس نے قانون کی متعلقہ دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی جبکہ دونوں متوفی کی لاشیں جی ایم سی ایچ جموں میں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد آخری رسومات کے لیے ان کے قانونی ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔دریں اثنا ء گاندھی نگر جموں میں ایک شخص درخت سے گر کر شدید زخمی ہوا جس کو فوری طور پرنزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروںنے اسے مردہ قراردیا۔
مہلوک شخص کی شناخت بھارت بھوشن ولد ہنس راج ساکن ہاکل چھتھا ستواری کے طور پر ہوئی ہے ۔ ادھربشناہ علاقے کے رنگ روڈ پر دو تیز رفتار کاروں کے تصادم میں کم از کم چار افراد کے سر میں شدید زخمی ہو گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ پر دو کاروں کے درمیان تصادم ہوا جو مخالف سمت سے آرہی تھیں۔ اس تصادم میں ان کا کہنا تھا کہ کار میں سوار چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔انہیں جائے حادثہ سے نکالا گیا، اور علاج کے لیے جی ایم سی جموں لے جایا گیا۔ اس سلسلے میں تفتیشی کارروائی شروع کر دی گئی ہے