عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں و کشمیر پولیس نے کہا ہے کہ شہر سرینگر میں ریستوانوں اور ہوٹلوں کو سڑے ہوئے گوشت کو سپلائی کرنے والے 2سرغنہ کی نشاندہی ہوئی ہے جن کیخلاف کیس رجسٹر کر کے انکے کولڈ سٹوروں اور فیکٹری کو سیل کردیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس سٹیشن زکورہ میں موصول ہونے والے معتبر ان پٹ پر کارروائی کرتے ہوئے، حکام نے صورہ کے رہائشی اور SICOP زکورہ میں واقع سنشائن فوڈز کے آپریٹر ابو حمیدکوچھے کو ایک اہم ملزم کے طور پر شناخت کیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ باغات برزلہ کے رہائشی عارف احمد شاہ کے ساتھ مل کر سرینگر کے ریستورانوں اور ہوٹلوں کو بڑی مقدار میں استعمال کے لیے ناکارہ سڑا ہوا گوشت سپلائی کرنے کی مجرمانہ سازش میں ملوث ہے۔پولیس نے کہا کہ سڑا ہوا گوشت تقسیم کرنے کا یہ جان بوجھ کر عمل صحت عامہ کے لیے سنگین خطرہ ہے اور قابل اطلاق قوانین کے تحت ایک سنگین جرم ہے۔اس کے نتیجے میں، ایف آئی آر نمبر 48/2025 پولیس اسٹیشن زکورہ میں بی این ایس کی دفعہ 271، 275، اور 61 (1) کے تحت درج کی گئی ہے۔بیاں میں کہا گیا ہے کہ ایک مشترکہ آپریشن میں، سرینگر پولیس اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے شہر بھر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے، ان دکانداروں کو نشانہ بنایا جن پر غیر صحت مند اور میعاد ختم ہونے والی گوشت کی مصنوعات فروخت کرنے کا شبہ تھا۔آپریشن کے دوران فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت بھاری مقدار میں سڑا ہوا گوشت قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیا گیا۔ایسی ہی ایک کارروائی میں، پولیس نے فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایسوسی ایشن آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ مل کرپارم پورہ میں کولڈ اسٹوریج یونٹ پر چھاپہ مارا ،جہاں سڑا ہوا گوشت ذخیرہ کیا گیا تھا، جسے ضبط کرلیا گیا، جس کے نتیجے میں فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کی متعلقہ دفعہ کے تحت کولڈ سٹوریج کو سیل کرلیا گیا۔