عظمیٰ نیوزسروس
جموں // سپیکر جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے جموں یونیورسٹی میں رسا جاویدانی میموریل لٹریری سوسائٹی جموں کی طرف سے منعقدہ تقریب میں رسا جاویدانی میموریل لٹریری ایوارڈ۔ 2025حاصل کیا۔سپیکر موصوف نے اسسٹنٹ پروفیسر جی ڈِی سی سدھراجموں ڈاکٹرشہناز قادری کی تصنیف کردہ کتاب ’’رسا فہمی‘‘کی رسم رونمائی اَنجام دی ۔ ایوارڈ میں پگڑی، شال، مومنٹو اور توصیفی سند شامل ہے۔تقریب کی صدارت سابق ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اردو کشمیر یونیورسٹی پروفیسر محمد زمان نے کی جبکہ سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی مہمانِ خصوصی تھے اور کینیڈین سکالر ڈاکٹر تقی عابدی مہمانِ ذوی وقار کی حیثیت موجود تھے۔کتاب کی رسم رونمائی تقریب کا اِنعقاداردو ڈیپارٹمنٹ جموں یونیورسٹی نے رسا جاویدانی میموریل لٹریری سوسائٹی کے اِشتراک سے کیا تھا۔اِس موقعہ پر سپیکر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے رسا جاویدانی کی شخصیت اور شاعری کا تنقیدی تجزیہ کیا اور انہیں ہندوستان کے اُن بلند پایۂ ادبی شخصیات میں سے ایک قرار دیا جنہیں ان کی وفات کے 47 سال بعد بھی یاد کیا جاتا ہے۔ اُنہوں نے 2025 کا ادبی ایوارڈ دینے پر منتظمین کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے مصنفہ کو جموں و کشمیر کے مشہور شاعر رسا جاویدانی کی زِندگی اور کام پر کتاب مرتب کرنے پر مُبارک باد دی ۔ اُنہوں نے رسا جاویدانی کو نہ صرف اردو کے معروف شاعر بلکہ کشمیری شعرأ میں بھی سرِ فہرست قرار دیا جنہوں نے اپنی شاعری میں زندگی کی حقیقی تصویر پیش کی۔کینیڈین سکالر ڈاکٹر تقی عابدی نے رسا جاویدانی کی اُردو شاعری کے مختلف اشعار کا حوالہ دیا جو باہمی افہام تفہیم اور سماجی ہم آہنگی سے محبت کی عکاسی کرتے ہیں۔پروفیسر نے صدارتی خطاب میں رسا جاویدانی کو جموں و کشمیر کے مقبول ترین اردو اور کشمیری شعرأ میں شمار کیا۔اِس سے قبل ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اُردو پروفیسر شہاب عنایت ملک اور صدر رسا جاویدانی میموریل لٹریری سوسائٹی جموں نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا جبکہ جنرل سیکرٹری رسا جاویدانی میموریل لٹریری سوسائٹی جموں ولی محمد اسیر کشتواڑی نے ایوارڈ کے توصیفی نامہ کا متن پڑھ کر سُنایا۔اسسٹنٹ پروفیسر غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری ڈاکٹر محمد آصف ملک علیمی اور کلچرل آفیسر کلچر اکیڈمی جموں ڈاکٹر شاہنوازنے اپنے مقالے پیش کئے اور تقریب میںڈاکٹرشہناز قادری کی جاری کی گئی کتاب کو سراہا۔تقریب میں بڑی تعداد میں شعرأ ، ادبأ، فن کاروں، اساتذہ، طلبأ اور ممتازشہریوں نے شرکت کی۔اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو جموں یونیورسٹی ڈاکٹر چمن لال نے پروگرام کی نظامت کے فرائض اَنجام دئیے۔