محتشم احتشام
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ نے اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں پونچھ سپر لیگ T20 کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن کا شاندار افتتاح کیا۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کھچا کھچ شائقین سے بھرا ہوا تھا اور کھلاڑیوں میں جوش و خروش قابلِ دید تھا۔اس ٹورنامنٹ میں 12 بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جسے جموں و کشمیر کا سب سے بڑا کرکٹ ٹورنامنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔منتظمین کے مطابق یہ ایونٹ نہ صرف مقامی سطح پر کرکٹ کو فروغ دے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا
سنہری موقع بھی فراہم کرے گا۔افتتاحی تقریب کے دوران منتظمین نے شاندار کارکردگی دکھانے والے کئی کھلاڑیوں کو اعزازات، ٹرافیاں اور اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پونچھ میں اس سطح کا ٹورنامنٹ منعقد ہونا کھیلوں کی ترقی کی سمت ایک اہم قدم ہے، جو نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف مائل کرے گا۔شائقین کھیل کے مطابق، پونچھ سپر لیگ ضلع میں ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگا اور مقامی سطح پر کرکٹ کے معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔