عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سکریٹری اتل ڈلو نے محکمہ منصوبہ بندی، ترقی اور نگرانی کی طرف سے’نوجوانوں کی مصروفیت: کل کے لیڈروں کی تعمیر‘کے موضوع پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن کا جائزہ لیا، جس میں ایک مربوط فریم ورک کا خاکہ پیش کیا گیا۔ چیف سکریٹری نے نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں، اختراعات اور قیادت کو فروغ دینے کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے اس اقدام کو کثیر الشعبہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہر نوجوان اپنی انفرادی صلاحیتوں اور خواہشات کے مطابق بامعنی طور پر اس میں مصروف رہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ مخصوص ایکشن پلان تیار کریں۔ڈلونے منصوبہ بندی کے محکمے کو اس اقدام کے مجموعی نفاذ اور نگرانی کے لیے نوڈل ایجنسی کے طور پر نامزد کیا۔ انہوں نے اسے تمام محکموں میں نوجوانوں کی مصروفیات کی سرگرمیوں کو اپ لوڈ کرنے اور ٹریک کرنے کے لیے ایک متحد آن لائن پلیٹ فارم تیار کرنے کی ہدایت کی۔موجودہ قومی سطح کے اقدامات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کے امور کی وزارت کی سکیموں کو استعمال کرنے پر زور دیا، جو نوجوانوں کے لیے قابلِ قدر نمائش اور ہنر مندی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے تمام محکموں اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ نچلی سطح پر موثر نفاذ کے لیے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کا طریقہ اپنائیں۔ حکمت عملی کے ایک اور اہم ستون میں انٹرپرینیورشپ اور کاروبار کی ترقی شامل ہے جس میں PMEGP، REGP، NRLM (Lakhpati Didis) اور اسٹارٹ اپ J&K جیسی اسکیموں کے ذریعے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم، انکیوبیشن سینٹرز تک رسائی کو وسعت دینے کا تصور کیا گیا ہے، تاکہ ایک نئی نسل کو پروان چڑھایا جا سکے۔