یو این آئی
بنگلورو/ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم پیر کی صبح بنگلورو کے کیمپے گوڑا بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ملائیشیا کے ایپو کے لیے روانہ ہوگئی، جہاں وہ 23 سے 30 نومبر تک ہونے والے 31ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں شرکت کرے گی۔ اس ایڈیشن میں ہندوستان اپنا پہلا میچ 23 نومبر کو کوریا کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد راؤنڈ رابن مرحلے میں ہندوستان کے مقابلے بیلجیم، میزبان ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا سے ہوں گے ۔ لیگ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں 30 نومبر کو ہونے والے فائنل میں جگہ بنائیں گی۔گزشتہ چند ہفتوں سے ہندوستانی ٹیم بنگلورو میں سخت تیاری کرتی رہی تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں ٹیم کی قیادت ڈیفینڈر سنجے کریں گے ۔کپتان سنجے نے کہا:”ہم سلطان اذلان شاہ کپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ ٹیم نے گزشتہ ہفتوں میں سخت محنت کی ہے اور تکتیکی نظم و ضبط اور فٹنس دونوں پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ یہ ٹورنامنٹ ہمیشہ ایک مضبوط مسابقتی ماحول فراہم کرتا ہے اور عالمی معیار کے حریفوں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کو آزمانے کا بہترین موقع ہوتا ہے ۔”انہوں نے مزید کہا”ہم ہر میچ میں بہترین کارکردگی دینے کے لیے تیار اور پُرعزم ہیں۔ ہمارا مقصد مستقل مزاجی برقرار رکھنا اور خطاب کیلئے مضبوط چیلنج پیش کرنا ہے ۔