عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادی کشمیر میں سردیوں کے ساتھ ہی سوکھی سبزیوں، مچھلیوں اور دالوں کی مانگ کافی بڑھ گئی ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید سردیوں میں وادی کشمیر کے بازاروں میں جہاں تازہ سبزیوں کی قلت ہوجاتی ہے وہیں یہ سبزیاں اس قدر مہنگی ہوجاتی ہیں کہ ان کو خریدنا عام آدمی کے بس کی بات نہیں ہوتی ہے۔وادی میں اگرچہ گذشتہ چند برسوں سے طبی ماہرین کے انتباہ کے پیش نظر سوکھی سبزیوں کی خرید و فروخت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے لیکن موسم سرما اپنے تیور دکھاتے ہی لوگوں کے پاس ان سبزیوں کے خریدنے کے علاوہ کوئی دوسرا چارہ ہی نہیں ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان کی مانگ بھی بڑھ جاتی ہے اور قیمتیں بھی۔ اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے شاہنواز علی نامی ایک شہری نے بتایا کہ موسم سرما شروع ہوتے ہی لوگ سوکھی سبزیاں خرید کر گھروں میں رکھتے ہیں تاکہ انہیں بھاری برف باری اور قومی شاہراہ بند ہونے کے وقت پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ دو تین دہائی قبل لوگ موسم سرما میں زیادہ تر ان ہی سوکھی سبزیوں کا استعمال کرتے تھے لیکن موجودہ دور میں اس میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ محمد شفیع خان نامی ایک سبزی فروش نے بتایا کہ وادی میں پہلے سبزیوں کی کاشت بہت کم کی جاتی تھی لیکن اب وادی کے کئی علاقوں میں کسان سبزیوں کی اچھی خاصی کاشت کرکے نہ صرف اچھی کمائی کرتے ہیں بلکہ موسم سرما کے دوران سبزیوں کی قلت کو بھی کافی حد تک دور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ بند ہونے سے اب وادی کے بازاروں میں اس قدر سزیوں کی قلت نہیں ہوتی ہے جس قدر دس برس قبل ہو جاتی تھی یہی وجہ ہے کہ سوکھی سبزیوں کی خرید و فروخت بھی قدرے متاثر ہوئی ہے۔