سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے ایس کے آئی سی سی سرینگر میں مکانات و شہری ترقیات اور سکولی تعلیم محکمے کے باہمی اشتراک سے منعقدہ سوچھتا ہی سیوا مہم کی آخری تقریب میں شرکت کی ۔ اس مہم کو 15 ستمبر کو شروع کیا گیا تھا جومنگل کو مہاتما گاندھی کے 150 ویں جنم دن کے موقعہ پر اختتام پذیر ہوئی ۔ تقریب کے دوران گورنر نے مختلف مقابلہ جات میں شرکت کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی ۔ گورنر نے کہا کہ مہاتما گاندھی صفائی ستھرائی کو کافی پسند کرتے تھے اور انہوں نے صفائی ستھرائی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کے علاوہ آشرم میں بیت الخلاؤں کی بذاتِ خود صفائی ستھرائی کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھا ۔ گورنر نے کہا کہ دُنیا کے تمام مذاہب اور فلسفے صفائی ستھرائی کے اہتمام پر زور دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے گاندھی جی کی قیادت میں آزادی حاصل کی مگر صاف ستھرے ملک کا اُن کا خواب آج بھی ادھورا ہے جسے شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملکی سطح پر 2 اکتوبر 2014 کو سوچھ بھارت ابھیان شروع کیا تا کہ ملک کے ہر شہری کو بیت الخلاؤں سمیت صفائی ستھرائی کے اہتمام کیلئے تمام ضروریات اور پینے کا صاف پانی 2019 تک مہیاء کرایا جا سکے ۔ گورنر نے ریاست کو کھلے میں رفع حاجت بشری کی عادت سے چھٹکارہ دلانے کیلئے ریاستی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقین کے بھر پور اشتراک سے ریاست کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہ صفائی ستھرائی نہ صرف ہمارے جسموں کیلئے ضروری ہے بلکہ صاف ستھرے ماحول میں انسانی بقاء کا راز مضمر ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ایک کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں ۔ انہوں نے گھروں میں بیت الخلاؤں کی عدم دستیابی کے نتیجے میں مختلف بیماریوں کا شکار ہونے والی خواتین پر رشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تندرست زندگی کیلئے صفائی ستھرائی بے حد ضروری ہے ۔