بانڈی پورہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی نے کل یہاں افسروں کی ایک میٹنگ میں قصبہ بانڈی پورہ میں سوچھ بھارت مشن ( اربن)کے تحت ہو رہی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ مشن کے تحت بیت الخلاء تعمیر کرنے کے لئے 2835 درخواستیں وصول ہوگئی تھیں جن میں جانچ پڑتال کے بعد 1165کو منظور ی دی گئی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ قصبے میں گزشتہ دو ماہ کے دوران 469بیت الخلاء تعمیر کے گئے ہیںجبکہ 138 بیت الخلائوں پر تعمیری کام جاری ہے۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ قصبے میں بیت الخلاء تعمیر کرنے کے لئے مستحقین کو 1.18کروڑ روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ اپنے فیلڈ عملے کو متحرک کریںاور اس بات کو یقینی بنائیں کی قصبے بانڈی پورہ میں ہر گھر میں بیت الخلاء کی سہولیت دستیاب ہوں تاکہ قصبے کو جون 2018ء تک کھلے میں رفع حاجت کی بدعت سے پاک قرار دیا جاسکے ۔کمشنر موصوف نے ایگزیکٹیو آفیسر میونسپل کمیٹی بانڈی پورہ اور تحصیلدار بانڈی پورہ پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جو قصبے میں تین دن کے اندر اندر سوچھ بھارت مشن کے حوالے سے از سر نو سروے انجام دے گی ۔انہوں نے قصبے بانڈی پورہ کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ قصبے کو مقررہ وقت کے اندر او ڈی ایف قرار دیا جاسکے ۔