سوپور//شمالی قصبہ سوپور کے جنرل بس اسٹینڈ میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں ایک ریستوراں اور25 دکانیں خاکستر ہوگئیں۔اس دوران ٹریڈرس فیڈریشن سوپورنے آتشزدگی کی اس واردات کوپُر اسرار قرار دیتے ہوئے ایک روزہ سوپور بند کی کال دی ہے۔اس دوران شام گئے حجام محلہ آرمپورہ میں آگ کی ایک اور واردات میں ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔منگل کی صبح5بجکر30منٹ پرسوپور کے بس اڈے میںپولٹری کی ایک دکان سے اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً کئی دیگر دکانوں اور ایک ریستوراںکو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ کے شعلے بلند ہوتے ہی علاقہ میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ گھروں سے باہر آکر آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے ۔اس دوران ضلع کے مختلف علاقوںسے فائر بریگیڈ کی متعددگاڑیاں جائے واردات پر پہنچ گئیں اور بچائو کارروائی شروع کی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ انتہائی ہولناک تھی جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتھل پتھل کے عالم میں اگر چہ مقامی لوگوں اور دکانداروںنے دکانوں سے سامان باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن آگ کی بھیانک لپٹوں نے انہیں قریب آنے نہیں دیا ۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں مختلف اسٹیشنوں سے لائے گئے فائر ٹینڈروں نے حصہ لیا۔ کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد اگر چہ آگ پر مکمل طور قابو پا لیا گیا لیکن ا س سے قبل ہی 25 دکانیں خاکستر ہوچکی تھیںجبکہ ان میں موجود ہر قسم کے سازوسامان کے علاوہ ایک ریستوراں بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ کئی د کانوں کو پانی کی وجہ سے نقصان پہنچا۔ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ بجلی کی شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے ،تاہم پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔اس واردات میں مجموعی طور پرلاکھوں روپے مالیت کی جائیدادمکمل طور پر تباہ ہوگئی۔دریں اثناء ٹریڈرس فیڈریشن سوپورنے آتشزدگی کی اس واردات کوپُر اسرار قرار دیتے ہوئے ایک روزہ سوپور بند کی کال دی ہے۔فیڈریشن کے مطابق یہ واردات نقب زنوں نے انجام دی ہے ۔فیڈریشن کے صدر محمد اشرف گنائی نے کہا کہ نقب زنوں نے پہلے دکانوں سے سازوسامان اڑالیا ہے اور پھر آگ لگادی ہے۔انہوں نے کہا کہ اُن کے دفتر میں نقب زنوں نے ایک گیس سلنڈر اُڑالیا ہے اور پھر دفتر کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی ہے جس میں وہ ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قصبہ سوپور میں نہ توجان کی حفاظت ہے اور نہ ہی مال کی جبکہ ضلع انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔انہوںنے تمام دکانداروں، چھاپڑی فروش اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ لوگوں سے گزارش کہ وہ اس کال کی بھر پور حمایت کریں۔اس واردات میں جن دوکانداروں کی دکانیں ختم ہوگئی ہیں اُن میں عبدالرشید خان، منظور احمد خان، عبدالستار ڈینٹھو، منصور احمد شیخ، مشتاق احمد لرہ، غلام حسن گنائی، خورشید احمد لون، محمد اکبر گنائی، وسیم احمد بخاری، بشیر احمدخان محمد حسین بانڈے، حاجی غلام نبی،خضر محمد، علی محمد ڈار، غلام محی الدین نوگو، محمد اشرف وار، غیاث الدین وانی اور مشتاق احمد تارا شامل ہیں۔اس دوران شام گئے حجام محلہ آرمپورہ میں آگ کی ایک اور واردات میں ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔پرویز احمد حجام کے کچن میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس کے دوران ایک بزرگ خاتون عائشہ بیگم زخمی ہوگئیں۔مذکوہ خاتون کو سب ضلع ہسپتال میں علاج و معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق گیس لیک ہونے کی وجہ سے کچن میں آگ لگ گئی تاہم اُسے جزوی نقصان پہنچا۔دریں اثناء اے ڈی سی بارہمولہ فاروق احمد بابا نے سوپور بازار کا دورہ کیا ۔انہوں نے متاثرین کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔ (مشمولات کے ایم این)