گاندربل//غیر قانونی طریقے سے حمل گرانے کے الزام میں پولیس نے ڈاکٹر سمیت اس جرم میں ملوث ڈاکٹر کے پانچ ساتھیوں کی گرفتاری عمل میں لاکر مزید تحقیقات شروع کردی۔پولیس تفصیلات کے مطابق ایک نابالغ لڑکی(نام مخفی)جو جنسی زیادتی کا شکار ہوئی تھی کا ضلع بارہمولہ کے علاقہ سوپور میں موجود کلنک میں اسقاط حمل گرانے کی کوشش کے دوران ایک ڈاکٹر اور پانچ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق نابالغ لڑکی( نام مخفی)ساکنہ گاندربل گزشتہ سال جنسی زیادتی کا شکار ہوئی تھی جس کے بعد وہ حاملہ ہوگئی تھی جس کا نامعلوم کلنک پر اسقاط حمل کرانے کی کوشش کی جارہی تھی جس کے نتیجے میں بچہ کی موت واقع ہوسکتی تھی ۔ پولیس نے اس معاملہ میں تعزیرات ہند کی دفعہ 376کے تحت کیس زیر نمبر 14/2021 درج کیا ۔اس بارے میں ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال نے ملزم کو گرفتار کرنے کے لئے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر عبدالماجد، ایس ایچ او گاندربل خورشید احمد آوان کی نگرانی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جنہوں نے سوپور میں ڈاکٹر کے کلینک پر چھاپہ مارتے ہوئے اس جرم میں ملوث ڈاکٹر غلام نبی بٹ ساکنہ سوپور،اوراس بہیمانہ جرم میں ڈاکٹر کی مدد کرنے والے پانچ دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا ، جن کی شناخت الطاف خان ، الطاف خان کی اہلیہ الفت،مسماتہ حسینہ زوجہ عبدالغنی خان ساکنان گاندربل،بشیر احمد کمہار ولد علی محمد ساکنہ سرینگر اور افروزہ زوجہ غضنفر علی ساکنہ سرینگر کے طور ہوئی ہے جنہوں نے غیرقانونی طریقہ سے نابالغ لڑکی کا حمل گرانے میں مدد کی تھی ۔اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔