سری نگر//شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کی سوپور تحصیل میں آج دوپہر ایک سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت ہو گئی اور ایک پولیس اہلکار سمیت دو دیگر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق فوج کی ایک گاڑی اور ٹلر کے مابین ٹکرا میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان میں سے ایک دم توڑ گیا۔
حکام نے مقتول کی شناخت مشتاق احمد گنائی ولد مختار احمد گنائی ساکن چورا پتن کے طور پر کی ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی شناخت یٰسین احمد لون ولد غلام محی الدین لون ساکنہ چورہ اور دوسرے کی شناخت کانسٹیبل ہلال احمد وانی ولد غلام قادر وانی ساکنہ کاکا پورہ پلوامہ کے طور پر کی ہے جو پولیس چوکی کالاروس کپواڑہ میں تعینات تھے۔
واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے، ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید کارروائی کے لیے آئی پی سی کی دفعہ 279 اور 337کے تحت ایف آئی آر نمبر 26/2022 کے تحت ایک کیس درج کیا گیا ہے۔