سرینگر/شمالی کشمیر کے سوپور میں جمعہ کو جنگجوئوں اور فورسز کے مابین تازہ فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ معرکہ آرائی کے نزدیک مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی شروع ہوئی ہیں۔
عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان سوپور کے وارہ پورہ علاقے میں معرکہ گذشتہ رات سے جاری ہے۔اس معرکہ کے دوران ابھی تک ایک جنگجو کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کچھ گھنٹوں کی خاموشی کے بعد معرکہ آرائی کی جگہ پر گولیاں چلنے کا سر نو آغاز ہوگیا ہے۔
اس دوران وارہ پورہ میں مظاہرین اور فورسز کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔یہ جھڑپیں اُس وقت شروع ہوئیں جب مظاہرین نے سڑکوں پر آکر فورسز پر سنگباری کرتے ہوئے معرکہ آرائی کی جگہ کی طرف مارچ کی کوشش کی۔
اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ سوپور قصبہ میں سبھی دکان اور کاروباری ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر گاڑیاں بھی نہیں چل رہی ہیں۔