عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سوپور کے پتو کھاہ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں ہندوارہ کے ماور علاقے کا ایک نوجوان اپنی جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا شدید طور پر زخمی ہوگیا۔ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ پتو کھاہ روڈ پر ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔جاں بحق کی شناخت شاکر رمضان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی کی شناخت عمران نذیر کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کلترا ماور، ہندوارہ کے رہنے والے ہیں۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ادھربارہمولہ ضلع کے پلہالن کے ٹی سی پی حیدربیگ پٹن علاقے کے قریب پیر کی صبح دو ٹپروں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد دو ڈرائیورز زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تصادم شدید تھا جس سے دونوں گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔ مقامی افراد اور پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمی ڈرائیوروں کو علاج کے لیے سری نگر کے اسپتال منتقل کرنے میں مدد کی۔ایک پولیس اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ڈرائیوروں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔اس حادثے کی وجہ سے معمول کے بحال ہونے سے پہلے اس سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت میں بھی عارضی خلل پڑا۔