عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// سونے کی قیمتوں میں جمعرات کے کاروباری دن میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔ عالمی سطح پر ڈالر کی کمزوری اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی بڑھتی دلچسپی نے سونے کی قیمتوںکو سہارا دیا، جس سے مارکیٹ ایک ہفتے کی گراوٹ سے سنبھل گئی۔ شادیوں کے موسم میں عام طور پر سونے کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے، جس کا اثر قیمتوں پر صاف نظر آ رہا ہے۔انڈیا بولین اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے)کے مطابق جمعرات کو انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 24قیراط سونا 120100روپے فی 10 گرام کے قریب پہنچ گیا۔ اسی طرح ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس)پر دسمبر 2025کے معاہدے میں 0.56فیصد کا اضافہ ہوا اور شام 3بج کر 50منٹ پر سونا 121479 روپے فی 10گرام کی سطح پر ٹریڈ ہوا۔ چاندی کے دسمبر 2025کے معاہدے میں بھی 0.66فیصد کا اضافہ درج ہوا، جس کے ساتھ قیمت 148300روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی۔