کنگن// غلام نبی رینہ//سونہ مرگ زوجیلا شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شدو مد سے جاری ہے ۔،اگر موسم ساز گار رہا تو 20مارچ تک زیرو پوائنٹ تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے گا ۔ کشمیر عظمیٰ کو ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق سونہ مرگ سے بیکن نے پانی متھہ تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا ہے جس کیلئے مزدوروں کے علاوہ مشینوں کو کام پر لگایا گیا ۔ذرائع نے بتایا کہ پانی متھہ سے آگے کئی مقامات پر بھاری برفانی تودے کو ہٹانے کیلئے مشکلات پیش آرہی ہیں البتہ اگر موسم ساز گار رہا تو برف ہٹانے میںمزیدتیزی لائی جائے گی تاکہ لداخ شاہراہ کو مقررہ مدت کے اندر آمد رفت کے قابل بنایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گگن گیر سے زوجیلا تک شاہراہ کی دیکھ ریکھ بیکن کررہی ہے جبکہ کرگل دراس سڑک کی دیکھ ریکھ ویجیک پروجیکٹ کررہا ہے ۔ ویجیک پروجیکٹ کے کمانڈنگ آفیسر پرکاش نے کشمیر عظمیٰ کو فون پر بتایا کہ انہوں نے دراس سے 9مارچ کو برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے جس کیلئے کافی مشینری کے علاوہ مزدوروں کو کام پر لگایا گیا ہے تاکہ شاہراہ کو مقررہ وقت کے اندر اندر آمد رفت کے قابل بنایا جائے گا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر موسم ساز گا رہا تو ویجیک زیرو پوائنٹ تک 20مارچ تک برف ہٹانے کا کام مکمل کیا جائے گا ۔اس دوران کرگل کے لوگوں نے بتایا کہ کرگل میں سبزی اور اشیائے خوردونی کی کافی قلت ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔