کنگن//سونہ مرگ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کاوے برج اچانک خراب ہونے کی وجہ سے ڈیڑھ سو سے زیادہ مال بردار گاڑیوں کا وزن نہ ہونے کی وجہ سے وہ درماندہ ہوکررہ گئیں جبکہ ڈرائیوروں نے سونہ مرگ کرگل شاہراہ پردھرنا دے کر وے برج کو فوری طور ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا کیوں کہ ان کی گاڑیوں میں ہزاروں روپے مالیت کی تازہ سبزیاں اور پھل خراب ہوں گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے سونہ مرگ میں قائم کیا گیا وے برج سنیچروار کو بعد دوپہر اچانک خراب ہوگیا جس کے نتیجے میں لداخ جانے والی ڈیڑھ سو کے قریب مال بردار گاڈیاں درماندہ ہوگئی ہیں۔ ٹرک ڈرائیوروں نے سونہ مرگ کرگل شاہراہ پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے قریب آدھے گھنٹے تک شاہراہ پر دونوں طرف گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوگئی۔ ان ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ وے برج کو جلد ٹھیک کیا جائے کیونکہ ان کی گاڑیوں میں تازہ سبزی اور پھل بھی لدے ہوئے ہیں ، جو جلد خراب ہوسکتے ہیں۔ بعد میں سونہ مرگ پولیس کے اہلکاروں نے ٹرک ڈرائیوروں کو سمجھا بجاکر دھرنا ختم کرنے پر آمادہ کیا جس کے بعد انہوں نے پرامن طور پر دھرنا ختم کیا ۔ کئی ٹرک ڈرائیوروں نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اگر آج وے برج کو ٹھیک کرکے چالوں نہیں کیا گیا تو ان کو نقصان سے دوچار ہونا پڑے گا۔