غلام نبی رینہ +عظمیٰ نیوز سروس
کنگن+سرینگر // گاندربل ضلع کے سونمرگ علاقے میں اتوار کو تھجواس گلیشیر کا ایک حصہ گرنے سے ایک شخص لاپتہ ہوگیا، جب کہ دو سیاحوں کو بچالیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیاح دوپہر کو گلیشیر کے قدرتی حسن کا مشاہدہ کرنے میںمحو تھے۔حکام کے مطابق گلیشیر کے گرنے کے نتیجے میں دو سیاح اور ایک مقامی رہائشی پھنس گئے، جس کے نتیجے میں تینوں نیچے گر گئے۔ اس کے فورا ًبعد بچائو کارروائیاں عمل میں لائی گئیں اور کافی کوششوں کے بعد دو سیاحوں کو بچا لیا گیا تاہم مقامی سلیجر لاپتہ ہوا، جا غالباً برف کے نیچے دب گیا۔ اس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری تھا۔
موسم
موسمیاتی مرکز سرینگر نے جموں و کشمیر میں اگلے ہفتے کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائوں کی پیش گوئی کی ہے۔ اس نے کہا کہ اگلے 8 دنوں کے دوران کشمیر ڈویژن میں ہیٹ ویو نہیں ہوگی۔جموں ڈویژن کے میدانی علاقوں میں 4 جون تک موسم عام طور پر گرم اور خشک رہے گا۔جموں میں ہفتہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.9 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور سیزن کے اس عرصے کے دوران یہ معمول سے 3.5 سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔وادی میںپیر تک آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔4 سے 7 جون تک، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہے گا جس کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش/گرج چمک کے ساتھ کئی مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوگی۔ جموں و کشمیر میں کچھ مقامات پر مختصر مدت کے لیے درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔اس نے کہا کہ 8 اور 9 جون کے دوران موسم جزوی سے عام طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ 10 جون سے 13 جون تک موسم خشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 5 اور 6 جون کے دوران اپنے کاموں کو معطل کر دیں۔