کنگن // سیاحتی مقام سونہ مرگ میں قائم جموں کشمیر بینک کو چالو نہ کرنے پر کاروباری اداروں اورعام لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بینک کے ساتھ ساتھ اے ٹی ایم کو بھی چالو کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ یہاں کاروباری اداروں کے علاوہ سیر و تفریح پر آنے والے سیاحوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بیو پار منڈل سونہ مرگ کے عہدیداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چند سال قبل حکومت نے سونہ مرگ میںجموں کشمیر بینک کی ایک شاخ کھول دی تاکہ امر ناتھ یاتریوں کے علاوہ کاروباری اداروں سے وابستہ لوگوں کو بینکنگ سہولیات مل سکیں ۔انہوں نے کہا کہ امسال ابھی تک بینک میں کام کاج شروع نہیں کیا گیا اورنہ ہی اے ٹی ایم کو چالو کیا گیا جس کی وجہ سے سیاحوں اور کاروباری لوگوںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔بیوپار منڈل نے بینک کے چیئر مین پرویز احمد سے مطالبہ کیا کہ سونہ مرگ شاخ میں بینکنگ شروع کی جائے۔