سرینگر //سوائن فلو سے وادی میں تین افراد کی موت کے بعد ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر نے منگلوار کو بچوں، بزرگ شہریوں ، حاملہ خواتین اور پہلے سے مختلف بیماریوں مبتلا مریضوں کو مفت سوائن فلو مخالف قطرے دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ وبائی بیماریوں کے ماہر اور ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر ڈاکٹر نثارلحسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہا کہ اسپتالوں میں سوائن فلو مخالف قطرے مفت فراہم کرنے سے لوگوں کی جان کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلو مخالف قطرے تمام لوگوں کیلئے لازمی ہیں وہیں یہ پہلے سے بیمار لوگوں کو موت کے منہ میں جاننے سے روک سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی زیادہ تر آبادی قطروں کے بغیر ہے اور سوائن فلو مخالف قطروں کی قیمت بھی کافی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ قیمت ہونے کی وجہ سے یہ قطرے لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر قطروں والے لوگ نہ صرف خود بلکہ پورے سماج کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ نثارالحسن نے کہا کہ سوائن فلو وائرس میں تبدیلی آئی ہے اور امسال زیادہ لوگوں کے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں بتا سکتے ہیں کہ آگے کیا ہوگا اور یہ وائرس کتنے لوگوں کو متاثر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو مخالف قطرے چھاتی کے امراض کے علاوہ امراض قلب اور سٹروک سے بھی بچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 55فیصد لوگوں میں دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ کم ہوتا ہے جو فلو مخالف قطرے لیتے ہیں۔