سرینگر//نیشنل کانفرنس حکومت پر زور دیا ہے کہ ریاست میں بڑی تیزی سے پھیل رہے خنزیری بخار(سوائن فلو) کی مہلک اور جان لیوا بیماری پر قابو پانے کیلئے تمام مشینری کو متحرک کیا جائے تاکہ قیمتی جانوں کے زیاں پر قابو پایا جاسکے اور اس بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سوائن فلو کو لیکر عوام میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے کیونکہ امسال اس بیماری کی وجہ سے ابھی تک 30افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے اس بیماری سے لوگوں کی اموات ہورہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہے اور جو لوگ اس مہلک بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں اُن کو اعلیٰ طبی سہولیات میسر رکھنے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ کمال نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام پر زور دیا کہ وہ اس مہلک اور جان لہوا بیماری پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں اور ہسپتالوں میں دن رات ایسے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے کارگر تدبیریں اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں تمام ضروری ادویات بھی میسر رکھیں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سوائن فلو کے پھیلنے کے اسباب اور اس بیماری سے بچائو کی تدابیر کے بارے میں وسیع جانکاری مہم چھیڑ ی جانی چاہئے اور ساتھ ہی عوام کو اس جان لیوا بیماری سے بچنے کیلئے قبل از وقت ٹیکے لگوانے کی بھی جانکاری دی جانی چاہئے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ اس کے علاوہ N1H1کے تشخیصی سہولیات تمام ہسپتالوں میں دستیاب رکھیں جائیں ۔