جموں / ٹرانسپور ٹ کے وزیر مملکت سنیل شرما نے متعلقہ ایجنسیوں سے کہا کہ وہ ادھمپور ۔ چنہنی سڑک کی مرمت کا کام فوری ہاتھ میں لیں۔وزیر نے یہ ہدایات آج متعلقہ افسروں اور انجینئروں کی ایک ایمرجنسی میٹنگ کے دوران جاری کی۔سنیل شرما نے اس سڑک کی خستہ حالی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے گیمن انڈیا لمٹیڈ کو ہدایت دی کہ وہ یہ کام جلد ازجلد ہاتھ میںلیں تاکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کر نا پڑے۔انہوںنے کہا کہ اس سڑک کو کافی اہمیت حاصل ہے اور سرما میں اس کی حالت ابترہوجاتی ہے ۔انہوں نے متعلقین سے کہا کہ وہ کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں تاکہ حادثات کو روکا جاسکے اور لوگوں کی راحت رسانی بھی ہوسکے ۔میٹنگ میں وزیر نے اولڈ کد سڑک کو مرمت کرنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر کو جانکاری دی گئی کہ اس پروجیکٹ کے لئے 14کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اور اس پر کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔