جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے سنگیوٹ علاقے میں مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی سخت خوف و ہراس میں مبتلا ہے۔ علاقہ میں تازہ پسی گرنے سے کئی رہائشی مکانات براہِ راست خطرے میں آگئے ہیں جبکہ ایک اٹا چکی (گراٹ) ملبے کی زد میں آکر مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ اتنی شدت کے ساتھ پیش آئی کہ چند لمحوں میں ہی آٹا چکی زمین بوس ہوگئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ابھی تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے لیکن مسلسل لینڈ سلائیڈنگ سے آس پاس کے درجنوں مکانات کے متاثر ہونے کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقے کا معائنہ کر کے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو بڑے نقصان کا خطرہ ہے۔ادھر انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ حالات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور ریونیو و ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں اور ضروری کارروائی عمل میں لائیں۔علاقے کے عوام نے مزید کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں جس سے لوگوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی ہے اور روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔