نئی دہلی// (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کے روز ہریانہ اور دہلی کو ملانے والی سنگھو سرحد کو کھولنے کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کردیا۔عدالت عظمی نے سونی پت کے باشندوں کی طرف سے دائر کی گئی مفاد عامہ کی عرضی پر سماعت کرنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ درخواست گزار پہلے ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔درخواست گزاروں نے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس ہما کوہلی کی ڈویڑن بنچ کے منفی تاثرات کے پیش نظر اپنی عرضی واپس لینے کی درخواست کی جسے بنچ نے قبول کر لیا۔سپریم کورٹ نے عرضی گزاروں کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔