زاہدبشیر
سنگلدان// مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ہفتہ کو بلاک دفتر سنگلدان میں بیشتر عملہ غیر حاضر رہا، جس کے باعث سرکاری کاموں کے لیے آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مقامی افراد کے مطابق دفتر میں صرف دو ملازمین،توقیر احمد (MTS) اور ریاض حسین (NYC)، اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے، جبکہ دیگر عملہ غیر حاضر تھا، جس کی وجہ سے متعدد سرکاری کام متاثر ہوئے۔نیشنل کانفرنس کے زونل پریذیڈنٹ محمد فرید نائیک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سنگلدان کے سرکاری دفاتر میں عملے کی غیر حاضری روز کا معمول بنتی جا رہی ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔عوام نے ضلع انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر دفاتر میں عملے کی باقاعدہ حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو بروقت سرکاری خدمات فراہم ہو سکیں۔اگر متعلقہ حکام اس معاملے پر اپنا مؤقف دینا چاہیں تو اسے بھی اسی پلیٹ فارم پر شائع کیا جائے گا۔