کانپور//جموں وکشمیر میں بھارتیہ فوج کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے کانپور کی مذہبی تنظیم جن سینا کے سادھوؤں اور پجاریوں کاایک دستہ اتوار کو وادی کے لئے روانہ ہوا۔ ان کاکہنا ہے کہ وہ وادی کشمیر میں سنگ بازوں کے ساتھ نبرد آزما ہوں گے۔ اس دستہ میں سینکڑوں عام شہری بشمول مسلمان، سادھو شنکر آچاریہ،مونیا جی مہاراج، جن سنیا کے صدر ارون پارمی جی مہاراج، سادھو پال یوگی ، ارون پوری چیتنیہ شامل ہیں ، نے بتایا کہ ان رضاکاروں کوگذشتہ چند ماہ سے سنگ باری کی تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ وہ 10؍ مئی کو سرینگر کے لالچوک میں ایکیگیہ کریں گے۔ اس دستے کے ارکان نے بتایاکہ وہ پونچھ کرشنا گھاٹی بھی جائیں گے جہاں پاکستانی فوجیوں نے بھارتیہ فوج کے جوانوں کی نعشوں کو مسخ کردیا تھا۔ ایک اور مذہبی رہنما نے دعویٰ کیاہے کہ ملک کے دیگر حصوں کے لوگ بھی اس مشن میں شامل ہونے کے خواہش مند ہیں تاکہ وہ وادی کشمیرمیں گذشتہ کچھ دنوں سے بھارتیہ فوج پر سنگ باری کرنے والوں کامقابلہ کرسکیں، تاہم اس مشن کو اس سفر کی اجازت ملنے کی توقع نہیں ہے۔