گاندربل//ضلع گاندربل کے ملحقہ علاقوں کی اندرونی رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی لوگوںنالاں ہیں۔ گاندربل سے پانچ کلومیٹر دور سندھ بل سے شیخ پورہ سے ہوتے ہوئے گوگجہ گنڈ تک اندرونی رابطہ سڑک خستہ حال ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بارش کے دوران سڑکیں تالاب کی شکل اختیار کرتی ہیں اور کھلی دھوپ میں گاڑیوں کے چلنے سے گرد و غبارپریشانیوں میں اضافہ کردیتاہے۔پیشے سے استاد ایک مقامی شہری منظور احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سندھ بل سے گوگجہ گنڈ تک ڈھائی کلومیٹر رابطہ سڑک ناقابل آمدورفت ہے۔انہوں نے کہا کہ سات سال قبل سڑک کی مرمت کی گئی تھی لیکن تب سے آج تک مرمت بھی نہیں کی گئی ، میکڈم بچھانا تو دور کی بات ہے۔ محکمہ آر اینڈ بی کے ایگزیکٹو انجینئر سید سجاد احمد نے کہا کہ نئے پلان میں اس سڑک کواولین ترجیح دی جائے گی۔