سرینگر//جموں کشمیر بنک کے چیرمین اور سی ای اوپرویز احمد نے جمعرات کو راجوری ضلع کے لوہا راکوٹ سندربنی میں بنک کے ایگزیکٹیو صدرآر کے چبر،ایڈیشنل ڈی سی گرموکھ سنگھ ،سندربنی کے معروف تاجروں اور ریاستی انتظامیہ کے افسران کی موجودگی میںایک بنک شاخ اور اے ٹی ایم کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر لوہارا کوٹ کے معروف شہریوں نے عوام کی سہولت کیلئے بنک شاخ کے قیام کے دیرینہ مطالبہ کوعملی شکل دینے پر جے کے بنک کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر لوگوںسے بات کرتے ہوئے جے کے بنک چیئرمین نے کہا’’ہماری یہ متواتر کوشش رہی ہے کہ ریاست کے آخری کونے میں آباد صارفین کو بھی اعلیٰ مالی خدمات فراہم کریں اور ہم سبھی خطوں میں اپنی پہنچ کو وسعت دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، تاکہ مالی جامعیت کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔نئے بزنس یونٹ سے لوگوںکو بنکنگ خدمات کی فراہمی میں نہ صرف راحت ملے گی بلکہ علاقہ میں نئے اختراعی صلاحیت رکھنے والے نوجوانوںاور موجودہ تاجروں کو بھی مالی امداد فراہم کرے گا‘‘۔انہوںنے مزید کہا’’بنک خصوصی طور پر زراعت اور اس سے منسلک سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کرے گاتاکہ علاقہ میں پیداواری صلاحیت اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوسکے‘‘۔بنک کے آفیسران کو علاقہ میں مالی خواندگی مزید بہتر بنانے اور بنکنگ سہولیات کا دائرہ بڑھانے کا مشورہ دیتے ہوئے چیئرمین نے لیڈٖ ڈسٹرکٹ منیجراور بنک کے افسران سے کہا کہ وہ اس علاقہ کے دور دراز دیہات میں آباد لوگوں کو اُن کی دہلیز پر بہتر مالی خدمات فراہم کرنے کی خاطرمزید بزنس یونٹوںکی توسیع کیلئے ایک تفصیلی منصوبہ مرتب کرنے کی غرض سے مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی تال میل کے ساتھ مل کر کام کریں۔انہوںنے مشورہ دیا کہ ڈائریکٹ بنیفٹ ٹرانسفر ،اولڈ ایج پنشن اور حکومت کی دیگر سکیموں کے مستفیدین کو بر وقت مالی امداد فراہم کریں ۔بیوپار منڈل اور معروف شہریوںنے اس موقعہ پر چیرمین سے گزارش سے کی کہ وہ سندربنی علاقہ میں ایک اور بزنس یونٹ کاقیام عمل میںلائیں تاکہ مین برانچ پر دبائو کم کیاجاسکے ۔چیئرمین نے اس تجویز سے اتفاق کیااور زونل ہیڈ کو ہدایت دی کہ وہ معیاد بند مدت میں بزنس یونٹ کے قیام کیلئے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کریں۔ایڈیشنل ڈی سی اور پرنسپل ڈگری کالج سندر بنی کی استدعا پر چیئرمین نے سوچھ بھارت کے قومی مشن کے تحت کالج کے طلبہ کی سہولت کیلئے بیت الخلاء بلاک کی تعمیر اور اس کے رکھ رکھائو پر اتفاق کیا۔چیئرمین نے ضلع انتظامیہ اور تعلیمی اداروںسے گزارش کی وہ عام عوام اور طلبہ کی مالی خواندگی بہتر بنانے میںان کے ساتھ تعاون کریں۔