عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//22اپریل کوپہلگام ملی ٹینٹ حملے کے بعد سندھ آبی معاہدہ (IWT) کی مسلسل معطلی کے باوجود، ہندوستان نے پاکستان کو دریائے توی میں ممکنہ سیلاب کے بارے میں ایک انتباہ دیا ہے۔ اس کو انسانی بنیادوں پر اقدام قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت جل شکتی نے اونچے درجہ کے سیلاب کے خطرہ کا امکان ظاہر کیا اور وزارت خارجہ کو الرٹ جاری کیا جس کے بعد اسے اسلام آباد تک پہنچا دیا گیا۔اگرچہ سندھ طاس معاہدہ کا رسمی طریقہ کار ،جس میں سیلاب کے اعداد و شمار روایتی طور پر انڈس واٹر کمشنرز کے ذریعے آتے ہیں، فی الحال غیر فعال ہیں، بھارت نے تباہی سے بچنے میں مدد کے لیے سفارتی ذرائع کے ذریعے اہم معلومات کا اشتراک کرنے کا انتخاب کیا۔ اخباردی نیوز کے مطابق، ہندوستان نے پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے ذریعے پاکستان کے ساتھ معلومات کا اشتراک کیا، جو پہلگام ملی ٹینٹ حملے کے بعد معاہدے کی معطلی کے بعد پہلا اہم تبادلہ ہے۔ عام طور پر، اس طرح کی اطلاعات انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے آتی ہیں، لیکن وہ چینلز غیر فعال ہیں۔ پاکستانی حکام نے مبینہ طور پر معلومات کی بنیاد پر انتباہ جاری کیا، حالانکہ کسی بھی ملک نے سرکاری طور پر اس پیشرفت کی تصدیق نہیں کی ہے۔اپریل میں، پہلگام حملے کے بعد، ہندوستان نے سندھ طاس آبی معاہدہ کو ” معطل” کر دیا۔ معاہدے پرعملدر آمد اس وقت تک معطل کر دیا جب تک کہ پاکستان سرحد پار ملی ٹینسی میں اپنی شمولیت کو واضح طور پر روک نہیں دیتا۔یہ کارروائی واضح کرتی ہے کہ گہری سیاسی کشیدگی کے باوجود، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رابطے کے چینلز اب بھی کام کر سکتے ہیں۔ اہم اعداد و شمار کا شفاف تبادلہ – جیسے سیلاب کی وارننگز وسیع تر سفارتی حیثیت سے قطع نظر علاقائی آفات کو روکنے میں ایک اہم فرق ڈال سکتی ہے۔پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 30 اگست تک متوقع مون سون بارشوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔