سمت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں انڈین ائر فورس کے ایک قافلے پر حملے میں ایک اہلکار کی موت کے بعد ایک بڑے تلاشی آپریشن کے بعد، جمعہ کو سیکورٹی فورسز اورملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔حکام نے جمعہ کی صبح بتایا کہ پونچھ کے سنائی ٹاپ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا ہے۔سیکورٹی حکام نے بتایا”یہ دہشت گردوں کا وہی گروپ سمجھا جاتا ہے جس نے 5 مئی کو فضائیہ کی ایک گاڑی پر حملہ کیا تھا جس میں ائر فورس اہلکار، وکی پہاڑے، ہلاک اور 4 دیگر اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ 5 مئی سے، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کے لیے پونچھ اور راجوری اضلاع میں آپریشن شروع کیا ہے‘‘۔سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا یہ گروپ ایک بڑے جنگلاتی علاقے میں سرگرم ہے۔پولیس نے2دہشت گردوں کے خاکے بھی جاری کیے ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ انہوں نے فضائیہ کی گاڑیوں پر حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل کی گئی ویڈیو کلپ سے 3 دہشت گردوں کی تصاویر بھی جاری کیں۔ اعلی ذرائع نے بتایا کہ یہ تینوں دہشت گرد سیکورٹی فورسز کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل ہیں۔