یو این آئی
میڈرڈ//اسپین کے کینری جزائر کے حصے ٹینیرائف میں سمندری لہروں نے تباہی مچادی، 3افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سمندر کی سطح میں اچانک اضافے سے آنے والی تیز لہروں نے سیاحوں کو بحر اوقیانوس میں کھینچ لیا۔اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والے ایک 43 سالہ شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچا کر ہسپتال لے جایا گیا لیکن بعد میں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ ایک اور شخص، جس کی شناخت ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے، جنوبی ٹینیرائف میں سمندر میں تیرتا ہوا پایا گیا، جہاں امدادی ٹیموں نے اسے بچانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔جبکہ شمالی ٹینیرائف میں ایک 79 سالہ ڈچ خاتون کی دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی جب ایک لہر کئی لوگوں کو سمندر میں بہا لے گئی۔حکام نے لوگوں کو سمندری لہروں اور تیز ہواں کے بارے میں خبردار کیا ہے جبکہ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ساحلی پٹی سے دور رہیں اور اپنی زندگی کو خطرے میں نہ ڈالیں۔9 نومبر کو ٹینیرائف کے ساحل کے ساتھ چار الگ الگ مقامات پر تقریبا 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ کینری جزائر، افریقہ کے مغربی ساحل کے قریب ہسپانوی جزائر کا ایک گروپ جس میں ٹینیرائف بھی شامل ہے، ساحلی خطرات سے نمٹنے کے لئے سخت نگرانی شروع کردی گئی ہے۔