سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے تہاڑ جیل میں اسیرانہ زندگی گزارنے والے سینئر حریت پسند راہنما شبیر احمد شاہ کی دختر کی شاندار کامیابی پر انہیں اپنی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری اس بیٹی نے اپنے والد صاحب کی اسیرانہ زندگی کے باوجود ہزار مشکلات اور ذہنی دباؤ کا مقابلہ کرتے ہوئے بارہویں جماعت کے مسابقتی امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرکے اپنی مظلوم قوم کے نونہال طلباء کے لیے ایک مثال قائم کردی ہے اور پوری قوم کو ایسی بیٹی پر فخر ہے۔ حریت رہنما نے اپنی نظربندی کی وجہ سے شبیر احمد شاہ کے مسکن پر ذاتی طور سما بشیر کو مبارک دینے اور اظہار تہتینیت کرنے سے معذرت کے ساتھ صرف ٹیلیفون پر انہیں مبارکباد دینے کے علاوہ حریت مجلس شوریٰ کے ارکان بشمول حکیم عبدالرشید، سید محمد شفیع اور امتیاز احمد شاہ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد کو شبیر احمد شاہ کے دولت خانے پر اُن کا پیغام پہنچانے کے لیے روانہ کیا۔