یو این آئی
نیویارک//اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے تعلق سے ہندوستان، برازیل، جرمنی اور جاپان کے جی 4 گروپ نے اصلاحات سے متعلق بین الحکومتی مذاکرات (آئی جی این)میں کوئی پیش رفت نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں متن پر مبنی بحث کو فوری طور پر شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔بدھ کی شب جی4اجلاس کے بعد جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ برازیل کے وزیر خارجہ مورو ویرا، جرمنی کی وفاقی وزیر خارجہ اینالینا بیئربوک، ہندوستان کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور جاپان کی خارجہ امور کی وزیر یوکو کامیکاوا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے علاوہ ایک میٹنگ میں اقوام متحدہ کی اصلاحات کے حوالے سے پورے منظر نامے کا جائزہ لینے اور اس عمل کو شروع کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ جی 4وزرا نے اقوام متحدہ کو مرکز میں رکھتے ہوئے کثیرالجہتی نظام کو درپیش موجودہ اہم چیلنجوں پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سلامتی کونسل کی جامع اصلاحات اقوام متحدہ کو عصری جغرافیائی سیاسی حقائق کی بہتر عکاسی کرنے اور اس طرح حال اور مستقبل کے لیے موزوں بنانے کی کسی بھی کوشش کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے 22اور 23ستمبر کو مستقبل کے لیے سربراہی اجلاس کا خیرمقدم کیا، جہاں عالمی رہنمائوں نے سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات کے لیے پرزور اپیل کی۔بیان کے مطابق اس سلسلے میں، جرمنی، ہندوستان اور جاپان کے وزرا نے بھی برازیل کی جی 20کی صدارت کے تناظر میں گلوبل گورننس ریفارم پر کال ٹو ایکشن شروع کرنے کے برازیل کے قدم کاخیرمقدم کیا۔