یو این آئی
دبئی//سعودی عرب سے 40 ناٹیکل میل دور اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ ہوا ہے۔ سعودی شہر ینبوع سے چالیس ناٹیکل میل دور بحری جہاز پر میزائل حملہ ہوا ہے، برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ بحری جہاز کا تمام عملہ محفوظ ہے اور جہاز اپنی منزل کی طرف سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔جہاز پر لائبیریا کا پرچم لگا ہے اور یہ جہاز اسرائیل کی ملکیت ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ جہاز حوثیوں کے ممکنہ اہداف کی فہرست میں شامل تھا۔برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی فرم ایمبرے نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کے قریب جس بحری جہاز نے پراجیکٹائل گرنے کی اطلاع دی، وہ لائبیریا کے جھنڈے والا اور اسرائیلی ملکیت کا ٹینکر ہے۔ایمبرے نے مزید کہا کہ اس کے اندازے کے مطابق بحری جہاز یمن کے حوثیوں کے اہداف میں سے ایک تھا، کیوں کہ یہ بات ڈھکی چھپی نہیں ہے کہ یہ اسرائیل کی ملکیت ہے۔ تاہم دوسری طرف یمن کے حوثیوں نے ابھی تک اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔