یواین آئی
ریاض// شاہی دیوان نے آج اعلان کیا کہ سعودی عرب کے مفتیِ اعظم، شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ بن محمد آل الشیخ کا انتقال ہو گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے ہیئت کبار العلما، علمی تحقیقات و افتا کی عمومی صدارت اور مسلم ورلڈ لیگ کی اعلیٰ کونسل کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی نمازِ جنازہ آج عصر کی نماز کے بعد ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے حکم دیا ہے کہ ان کی غائبانہ نمازِ جنازہ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام، مدینہ منورہ کی مسجد نبوی اور مملکت بھر کی تمام مساجد میں بھی عصر کی نماز کے بعد ادا کی جائے۔شاہی دیوان نے کہا کہ ان کے انتقال کے ساتھ ہی مملکت اور اسلامی دنیا ایک جلیل القدر عالم دین سے محروم ہو گئی ہے، جنہوں نے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔