سرینگر//دنیا بھر کی دوا سازی کی صنعت کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے علاج کیلئے ویکسین کی تیاری پر کام ہو رہا ہے اور دو جامعات میں اسلامی قانون کے مطابق کووِڈ۔19 کی ویکسین تیار کی جا رہی ہے۔ مانیٹر نگ ڈیسک کے مطابق جدہ میں واقع جامعہ شاہ عبدالعزیز کے ڈاکٹر انور ہاشم کے زیر قیادت سائنس دانوں کی ٹیم اور شاہ عبداللہ یونیورسٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے تحت ادارہ سعودی ویکس مل کر ویکسین کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کے دوسرے ممالک میں اس نئے وائرس کے علاج کیلئے جو ویکسینیں تیار کی جا رہی ہیں، ان میں شراب اور دیگر حرام اجزا بھی استعمال کئے جا رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر سعودی عرب میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے تیار کی جانے والی ویکسین میں ایسے اجزا شامل کئے جا رہے ہیں، جن کی اسلام میں اجازت ہے تاکہ مسلمان اس کو کسی ہچکچاہٹ کے بغیر استعمال کرسکیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں بائیو ٹیکنالوجی کی پہلی نجی فرم سعودی ویکس کے بانی اور ویکسین کی تیاری پر کام کرنے والی ٹیم کے سربراہ پروفیسر مازن حسنین کا کہنا ہے کہ مسلم آبادی کے کووِڈ۔19 کی ویکسین میں شامل اجزا سے متعلق ہر طرح کی تشویش کو دور کرنے کیلئے ہی حلال اشیاء کا استعمال یقینی بنایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ مغرب، وسطی افریقا اور مشرقی ایشیا میں واقع ممالک میں مقیم مسلم آبادی مذہبی اور ثقافتی وجوہ کی بنا پر کسی بھی مشتبہ ویکسین کے استعمال میں متردد رہی ہے۔