ریاض// سعودی عرب نے پہلی بار ایک خاتون کو کمرشل اتاشی مقرر کر دیا۔ عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ماجد بن عبداللہ القصابی نے ثمر صالح کو جاپان میں کمرشل اتاشی مقرر کر کے سعودی تاریخ کی پہلی خاتون کو کمرشل اتاشی تعینات کردیا ہے ۔ اس سے قبل ثمر صالح اٹلی میں سعودی سفارت خانے میں بطور انچارج ٹریڈ ایکس چینج میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ سعودی عرب کے وزیر تجارت اور سرمایہ کاری کا کہنا ہے کہ پہلی خاتون اتاشی کی تقرری سعودی عرب میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے عزم کے تحت کی گئی ہے ۔ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت قدامت پسند سعودی عرب میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہے ۔ ثمر صالح نے شارجہ کی امریکن یونیورسٹی سے جرنلزم اور ماس میڈیا میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد لندن کی سٹی یونیورسٹی سے صحافت اور انٹرنیشنل میڈیا میں ماسٹرز کیا اور امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی سے ایگزیکٹیو لیڈر شپ پروگرام بھی مکمل کیا۔