بانہال// بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت چند گھنٹوں تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال کی گئی تاہم وادی کشمیر جانے والا امرناتھ یاتراقافلہ شاہراہ کے بند ہونے سے پہلے ہی جواہر ٹنل پار کرچکا تھا۔ منگل کو دوپہر میں پہلے پنتھیال کے مقام پتھروں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوا اور بعد میں ادہمپور کے کھیری علاقے میں بھی پسیاں گر آنے کی وجہ سے شاہراہ بند ہوگئی ۔ پنتھیال کے مقام شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بہت سارے مسافروں نے نالہ بشلڑی کے بیچوں بیچ ایک خطرناک پل جس کے ایک طرف کا پل زمین سے منقطع ہے کے ذریعے اپنے سفر کو جاری رکھا تاہم بعد میں منگل کی چار بجے بعد شاہراہ کو اس مقام یعنی پنتھیال کے مقام پہلے یکطرفہ اور بعد میں دو طرفہ ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کیا گیا- پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں بارشوں کی وجہ سے شاہراہ پنتھیال کے مقام دوپہر بعد بند ہوگئی تھی اور درشن کیلئے جانے والی یاترا اس سے پہلے ہی نکل چکی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر سے جموں کی طرف جانے والی یاترا گاڑیوں کو منگل کی سہہ پہر چار بجے بعد بحال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تین بجے کے قریب کھیری ادہمپور کے علاقے میں بھی شاہراہ پر پتھر اور پسیاں گر آئی ہیں اور اس مقام پر شاہراہ کو شام تک بحال کرنے کی امید ہے۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے دو طرفہ ٹریفک میں درماندہ سینکڑوں مسافروں اور امرناتھ یاتریوں کو کئی گھنٹوں تک سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔