سرینگر/سرینگر۔جموں شاہراہ جمعہ کو مسلسل تیسرے روز ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند پڑی ہے۔
اس شاہراہ کو تازہ برفباری کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کیا گیا ہے۔
محکمہ ٹریفک کے ذرائع کے مطابق شاہراہ پر رامبن۔رامسو علاقے میں بارش سے پسیاں گر آئی ہیں اور بانہال علاقے میں تازہ برفباری ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پسیاں اور برف ہٹانے تک شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت ناممکن ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہراہ صاف کرنے کا کام موسم ٹھیک ہوتے ہی ہاتھ میں لیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق فی الوقت شاہراہ پر کم و بیش1700گاڑیاں درماندہ ہیں جن میں مال بردار اور مسافر گاڑیاں، دونوں شامل ہیں۔
اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سکھ فرقے سے وابستہ افراد شاہراہ پر کافی متحرک ہیں اور وہ درماندہ سواریوں کو مفت لنگر فراہم کررہے ہیں۔