سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن کے 69کونسلروں کو حلف دلانے کے بعد اب سرینگر کے میئر کے انتخاب پر نظریں جمی ہوئی ہیں کیونکہ حلف برداری کی تقریب کے بعد آزاد امیدواروں نے ایک زبان ہوکر کہا کہ وہ کسی بھی جماعت کے امیدوار کو حمایت نہیں دیں گے۔کونسلوں نے بی جے پی کا نام لیکر کہا کہ نہ بی جے پی کے کسی امیدوار کو حمایت دی جائیگی اور نہ بھاجپا یا اسکی کسی حلیف جماعت کے حمایتی کو حمایت دینے کے بارے میں وہ کبھی سوچ بھی سکتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا’’ ایسا کرنا خود اپنی قبر کھودنے کے برابر ہوگا‘‘۔آزاد امیدوار، جو منتضب ہو کر آئے ہیں، نہ اس بات کا اشارہ دیا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کا میئر آزاد امیدواروں میں سے ایک ہوگا، جس کی حمایت سبھی آزاد اراکین کریں گے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کم سے کم 11آزاد اراکین کو پی ڈی پی کی در پردہ حمایت حاصل تھی جبکہ کانگریس پارٹی کے 16اراکین بھی منتخب ہوکر آئے ہیں اور دونوں پارٹیوں کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ آزاد امیدواروں کی جانب سے کئے جانے والے کسی بھی فیصلے کی حمایت کریں گے۔سرینگر میونسپل کاپوریشن میں کل 74وارڈ ہیں تاہم 70پر چنائو ہوئے ، جن میں سے صورہ کے وارڈ میں کسی نے ووٹ نہیں ڈالا، اس طرح صرف 69الیکشن جیت کر آئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھاجپا ، پی سی اور کئی آزاد امیدواروں پر مشتمل ایک گروپ بن رہا ہے تاہم اسکا مقابلہ قدرے ایک مضبوط گروپ سے ہونے جارہا ہے جنہیں کانگریس اور پی ڈی پی کے حمایت یافتہ کونسلروں کی حمایت حاصل ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کم سے کم 11کونسللر پچھلے کئی دنوں سے ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہیں، جنہوں نے ایک ایسے گروپ کی تشکیل کی ہے، جنہیں خاصی حمایت مل چکی ہے۔تاہم اس بارے میں کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی کہ سرینگر کا میئر کون ہوسکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کوئی بھی گروپ اس پوزیشن میں نہیں کہ اسے 35کونسلوں کی حمایت حاصل ہوسکے، چونکہ میئر کا انتخاب حفیہ ووٹنگ سے ہونے جارہا ہے لہٰذا آخری وقت پر پانسہ کسی کے حق میں بھی پلٹ سکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ آزاد کونسلروں کا بھائو بڑھ گیا ہے اور انکے ساتھ رابطے کرنے کی تگ و دود شروع ہوچکی ہے۔تاہم حلف وفا داری تقریب کے دوران انکی جانب سے کچھ ابہام دور کرنے کی کوشش تو کی گئی لیکن ابھی صورتحال قطعی طور واضح نہیں ہورہی ہے۔
۔ 69کونسلروں کو حلف دلایا گیا
سرینگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نئے منتخب میونسپل کونسلروں کو بنکٹ ہال میں منعقدہ تقریب کے دوران حلف دلایا گیا۔صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے میونسپل کارپوریشن کے 27وارڈوں کی26خواتین اور45وارڈوں کے 43مرد کو حلف دلایا۔کل 74وارڈوں میں سے شازیہ رشید نے دو وارڈوں اسلام یاربل اورصفاکدل سے چنائو جیت لیا ہے ۔جب کہ جنید عظیم متو نے تین وارڈوں راولپوارہ،سولنہ اور بدڈل سے کامیابی حاصل کی ہے۔اعجاز احمد جس نے وارڈ 36سے کامیابی حاصل کی ہے حلف برداری کی رسم پر غیر حاضر تھے۔وارڈ نمبر69صورہ نشست خالی رہی کیونکہ یہاں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔